لاہور۔11مئی (اے پی پی):افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور خراجِ تحسین کے لیے پاک جاپان گروپ آف کمپنیز اور سول سوسائٹی کے زیراہتمام ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی لاہور میں ایک پرامن اور شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اتوار کی شام نکالی گئی اس ریلی میں تاجر برادری، شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے۔ فضا "پاک فوج زندہ باد” اور "پاکستان پائندہ باد” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی کے دوران بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا بھی نذرِ آتش کیا گیا۔اس موقع پر پاک جاپان گروپ آف کمپنیز کے سی ای او چوہدری آصف محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کا اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے، افواجِ پاکستان نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔
اللہ تعالی نے پاکستان، اس کے عوام اور مسلح افواج کو سرخرو کیا ہے۔ پوری قوم آج یومِ تشکر منا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام اب مودی سے اس ہزیمت کا جواب مانگ رہے ہیں۔ پاکستانی شاہینوں نے وہ کارنامہ انجام دیا جو ناممکن سمجھا جا رہا تھا، دشمن کے جدید ترین رافیل طیارے کو مار گرا کر دنیا کو پاکستانی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا گیا ہے۔ چوہدری آصف محمود نے کہا کہ پاک فوج کے سپاہی صرف تنخواہوں کیلئے نوکری نہیں کرتے، وہ ملک کی سا لمیت کیلئے ہر وقت جان دینے کو تیار رہتے ہیں۔ دشمن کو وہ سبق سکھایا گیا ہے کہ تاریخ یاد رکھے گی۔ آج پاکستان ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے اور اس کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ جو بھی میلی آنکھ سے دیکھے گا، اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ریلی پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکا نے وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595828