اقوام متحدہ ۔ 14 اپریل (اے پی پی) اقوام متحدہ کی انڈرسیکرٹری جنرل اور ایشیاءبحرالکاہل کے خطہ کے لئے اقتصادی و سماجی کمیشن کی ایگزیکٹو سیکریٹری ڈاکٹر شمشاد اختر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو خطے کا بڑا منصوبہ قرار دیا ہے جو لوگوں کیلئے خوشحالی لائے گا۔ ڈاکٹر شمشاد اختر جو سٹیٹ بنک آف پاکستان کی گورنر بھی رہ چکی ہیں اور اقوام متحدہ میں تعینات سینئر ترین پاکستانی ہیں نے یہ بات عالمی ادارے کے ہیڈ کوارٹر میں ایک بریفنگ کے دوران کہی جس کا اہتمام اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن اور اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ایشیا اینڈ دی پیسفک (ای ایس سی اے پی)نے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کے ممالک کے درمیان رابطوں میں وسعت نہ صرف اقتصادی تنوع کی رفتار تیز کرے گی بلکہ اس سے شمالی اور وسطی ایشیا کے ممالک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جو پائیدار ترقی کا باعث بنیں گے ۔