اقلیتوں کے حقوق اورمذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے حکومت آخری حد تک جائیگی، پیرنورالحق قادری کا بین الاقوامی کانفرنس خطاب

70

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرمذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی پیرنورالحق قادری نے کہاہے کہ اقلیتوں کے حقوق اورمذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے حکومت آخری حد تک جائیگی، کرتارپورراہداری پرامن بقائے باہمی اورمذہبی آزادیوں کی منفرد مثال ہے،آزادی اظہاررائے کی آڑ میں ہرزہ سرائیوں کے سدباب کیلئے ٹھوس بنیادوں پرکام کرنا ہوگا۔ ہفتہ کویہاں ایوان صدرمیں مذہبی آزادیوں اوراقلیتوں کے حقوق کے حوالہ سے بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرمذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی نورالحق قادری نے کہاکہ اسلام اورپاکستان کے آئین میں اقلیتوں کے مذہبی آزادیوں اورحقوق کوتحفظ حاصل ہے، انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق ،مذہبی آزادیوں اورمعاشرے میں پرامن بقائے باہمی وہم آہنگی کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے آئین نے اقلیتوں کوجوحقوق دئیے ہیں اوراقلیتوں کی مذہبی آزادی کے حوالہ سے جو بھی ذمہ داریاں ہیں ان کواداکرنے کیلئے حکومت آخری حد تک جائیگی کیونکہ ہمارامذہب اوردین بھی اس حوالہ سے بہت واضح ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مذہبی آزادیوں سے کبھی بھی انحراف نہیں کیاگیا، انفرادی رویوں کاریاست کی پالیسی سے کوئی سروکارنہیں ہے۔ انہوں نے مذہبی آزادیوں کیلئے حکومت کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہاکہ کرتارپورراہداری پرامن بقائے باہمی اورمذہبی آزادیوں کی منفرد مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنگ مقدس چیزنہیں مقدس چیز امن ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ آزادی اظہاررائے کی آڑ میں ہرزہ سرائیوں کے سدباب کیلئے ٹھوس بنیادوں پرکام کرنا ہوگا،مقدس شخصیات کی توہین کے رویوں کوترک کرنا ہوگا۔ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق اورمذہبی آزادیوں کیلئے صدرعارف علوی کے کردارکو سراہا اورکہاکہ جب بھی انہوں نے صدرمملکت سے اس حوالہ سے رابطہ کیاہے انہوں نے ایوان صدرکے دروازے کھولے ہیں۔پاکستان میں یورپی یونین کی سفیراندرولا کامی نارانے بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی معاشرہ پرامن بقائے باہمی کی عمدہ مثال ہے۔یورپی یونین بین المذاہب اوربین الثقافتی ہم آہنگی کیلئے پاکستان کے ساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اوریورپی یونین نے امن، ترقی اورخوشحالی کیلئے مل کرکام کرنے کا عزم کیاہے۔انہوں نے کہاکہ جامع ترقی اورخوشحالی کیلئے امن، برداشت اورتنوع کوفروغ دینا ضروری ہے۔امریکا کی ریاست میری لینڈ کے شہربالٹی مورسے ڈیموکریٹک پارٹی کی رکن عائشہ صدیقہ خان نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اورمذہبی آزادیوں بارے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات بہت واضح ہے، پاکستان کاآئین اقلیتوں کے تمام حقوق کا محافظ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق اورمذہبی آزادیوں کے ضمن میں سب کو مل کرکام کرنا ہوگا۔بادشاہی مسجد لاہورکے امام مولانا عبدالخبیرآزادنے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں جو مذہبی آزادیاں ہیں اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ مذکرات اورمل بیٹھنے سے مسائل اوراختلافات کوختم کیا جاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں کے حوالہ سے جو اقدامات ہورہے ہیں وہ دنیا کے سامنے ہیں۔ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مسلسل معاندانہ اقدامات کاسلسلہ جاری ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امورشنیلہ روتھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ مذہبی آزادیاں بنیادی انسانی حقوق کے زمرے میں آتی ہیں، ان آزادیوں کوپامال کرنے سے ریاستوں، کمیونٹی اورخاندانوں کیلئے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں مخصوص قوانین سے خواتین اوراقلیتوں کے مسائل میں اضافہ ہوا تاہم یہ امرخوش آئند ہے کہ صدرمملکت اوروزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کے چارٹرکے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالہ سے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مذہب کی جبری تبدیلی ، بین المذاہب کونسل اورنیشنل کمیشن فارمینارٹیز کے ضمن میں جامع اقدامات کی ضرورت ہے اورحکومت اس ضمن میں اقدامات کررہی ہے۔ کانفرنس سے سموئیل پیارا،خیبرپختونخوا کے رکن صوبائی اسمبلی وزیرزادہ ، سندھ اسمبلی کے رکن نندکمار، مرکزبلال لاہورکے پیرمحمد شفاعت، آسٹریلیا کے سکالرہرمن رابورغ، اٹارنی جنرل خالدجاویدخان اورامریکی سکالرڈاکٹرجوزف پال نے بھی خطاب کیا۔