اقلیتی نمائندوں کو عوام کے براہ راست ووٹوں کے ذریعے منتخب ہو کر اسمبلیوں میں جانا چاہیئے، ورلڈ مینارٹیز الائنس کے کنونیئر جے سالک کی پریس کانفرنس

136

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر اور ورلڈ مینارٹیز الائنس کے کنونیئر جے سالک نے کہا ہے کہ اقلیتی نمائندوں کو عوام کے براہ راست ووٹوں کے ذریعے منتخب ہو کر اسمبلیوں میں جانا چاہیئے تاکہ وہ اپنی قوم کی نمائندگی کا حق ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں  اپنی رہائشگاہ پر ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ جے سالک نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 226 کہتا ہے کہ خفیہ بیلٹ کے بغیر کوئی رکن منتخب نہیں ہوسکتا جبکہ موجودہ طریقہ کار میں پارٹی کو اقلیتی نشستوں پر اپنی مرضی کے نمائندے منتخب کرنے کا حق دے دیا گیا ہے۔

آئین کے بنیادی ڈھانچے کو کسی صورت نہیں چھیڑا جا سکتا۔ انہوں نے اقلیتوں کی مخصوص نشستیں براہ راست انتخاب کے ذریعے پر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انکا حلقہ انتخاب پورا پاکستان ہونا چاہیئے، یہ ملک خدا کی نعمت ہے ہمیں اسکا شہری ہونے پر فخر ہے، ہمیں یہاں کبھی بھی کسی قسم کی سکیورٹی کا مسئلہ درپیش نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز نچلی سطح سے بطور کونسلر کیا ۔ رکن قومی اسمبلی بھی رہا اور وزیر بھی بنا تاہم آج تک مجھ پر کبھی کرپشن یا پلاٹوں کی سیاست کا الزام عائد نہیں کیا گیا، ضیاء دور میں کئی بار پابند سلاسل رہا مگر عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں جے سالک پر کتاب کا چھپنا اور نوبل انعام کیلئے نامزد ہونا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اقلیتی نمائندے براہ راست انتخاب کے ذریعے منتخب ہو کر اسمبلیوں میں آئیں تاکہ وہ اپنی قوم کی نمائندگی کا حق ادا کر سکیں۔