اقوا م متحدہ نے پاکستان کے میجر جنرل ضیاءالرحمن کو مغربی صحارا میں ریفرنڈم کےلئے مشن کا کمانڈر مقرر کر دیا

137

اقوام متحدہ ۔ 21 فروری (اے پی پی) اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتوینو گوترش نے پاکستان کے میجر جنرل ضیاءالرحمن کو مغربی صحارا میں ریفرنڈم کے لئے اقوا م متحدہ کے مشن برائے صحارا ریفرنڈم (ایم آئی این یو آر ایس او) کاکمانڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے پریس ریلیز کے مطابق میجر جنرل ضیاءالرحمن چین کے میجر جنرل ژاﺅ وانگ کی جگہ لیںگے جو 17 فروری 2019ءکو اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ میجر جنرل ضیاءالرحمن قومی و بین الاقوامی سطح پر 30 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس میں مختلف آپریشنز میں فوجی دستوں کی قیادت، کمانڈ، سٹاف اینڈ وار کالج کی سطح کا تجربہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دیگر اہم عہدوں پر بھی اپنے فرائض ادا کئے ہیں جبکہ وہ اقوام متحدہ کے عوامی جمہوریہ کانگو مشن میں بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ بیان کے مطابق انہوں نے 2015ءسے 2016ءکے دوران فلوریڈا میں امریکا کے سنٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹر میں سنٹرنیشنل ریپری زینٹیٹو کے طور پر بھی خدمات سرانجام دی ہیں ۔حال ہی میں میجر جنرل ضیاءالرحمن نے 2016ءسے 2017ءکے دوران ایک انفنٹری بریگیڈ اور 2017ءسے انفنٹری ڈویژن کی کمان کر رہے ہیں۔ میجر جنرل ضیاءالرحمن نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے سائنس میں گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی اور لاہور میں کینیڈین سکول آف مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ آف گریجوایٹ سٹڈی سے ماسٹر ان بزنس ایڈمنسٹریشن، کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی سے بی ایس (آنرز) کی ڈگری ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ سے ماسٹر آف سائنس ڈگری اوراسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے ماسٹر آف سائنس (آنرز) اور ماسٹر آف فلاسفی کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ میجر جنرل ضیاءالرحمن شادی شدہ ہیں ان کے دو بچے ہیں۔