اقوام متحدہ کے امن آپریشن والے علاقوں میں تنازعات کے سیاسی حل کی ضرورت ہے، پیس کیپنگ آپریشن میں شہریوں کی حفاظت کےلئے دیگر ذرائع کے علاوہ ایڈوکیسی ، ارتباط اور مقامی کمیونٹی سے روابط کا فروغ ضروری ہے
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا سلامتی کونسل میں مذاکرے سے خطاب
اقوام متحدہ ۔ 12 جون(اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن آپریشن والے علاقوں میں تنازعات کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں امن آپریشن کے دوران شہریوں کے تحفظ کے موضوع پر ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ امن اور استحکام کے قیام کےلئے اقوام متحدہ کے امن آپریشنز والے علاقوں میں تنازعات کے سیاسی حل پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی آپریشن شروع کرنے سے قبل مسائل کے سیاسی حل کو مدنظر رکھا جائے کیونکہ صرف اسی صورت میں ہی پائیدار اور مستقل امن وسلامتی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس صورتحال میں شہریوں کی حفاظت کی بنیادی ذمہ داری میزبان ملک پر عائد ہوتی ہے تاہم تنازعات کو منظر عام پر لانے سے پہلے اس کے تدارک ، مسئلے کے اسباب پر غور اور اس کے حل کےلئے جامع سیاسی ذرائع کا استعمال وہ عوامل ہیں کہ جس سے شہریوں کی حفاظت کو موثر انداز میں یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=8491