اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کی سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات

4

اقوام متحدہ ۔26جون (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل سفیر عاصم افتخار احمد نے عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے جولائی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آنے والے صدر کی حیثیت سے انتونیو گوتریش کو 15 رکنی کونسل کے لئے مجوزہ ورک پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ پاکستانی مشن کی ایک پریس ریلیز کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد اور اقوام متحدہ کے سربراہ نے کونسل کے ایجنڈے پر امن اور سلامتی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، افریقہ، یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں ہونے والی پیش رفت اور کونسل کے مقاصد کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے اہم کردار پر بات کی گئی ۔

پاکستانی سفیر نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کو برقرار رکھنے اور تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لئےرکن ممالک کے درمیان مسلسل مضبوط عزم کا ذکر کیا۔عاصم افتخار احمد نے پیچیدہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کارروائی کی اہمیت پر زور دیا اور کثیرالجہتی اور انسدادی سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی سیکرٹری جنرل کی کوششوں کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے سلامتی کونسل کی اپنی صدارت کو کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں انجام دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔