اقوام متحدہ ۔8نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے 18 نومبر کو بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کا عالمی دن قرار دے دیا۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ہر سال 18 نومبر کو بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد سے بچاؤ اور ان کے علاج کے لیے عالمی دن کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کی۔
اس قرارداد میں تمام رکن ممالک، اقوام متحدہ کے نظام کی متعلقہ تنظیموں اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں، عالمی رہنماؤں، مذہبی اداکاروں، سول سوسائٹی اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو عالمی دن کو ہر سال منانے کی دعوت دی گئی ۔ مزید کہا گیاکہ یہ قرار داد بچوں کے جنسی استحصال سے متاثرہ افراد کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے اور بچوں سے بدسلوکی اور تشدد کو روکنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
اس قرار دادکا مقصد لواحقین اور متاثرین کے لئے انصاف اور علاج تک رسائی کو یقینی بنانا اور ان کےحقوق کے تحفظ کی ضرورت پر کھلی بحث کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=336469