بیروت ۔25اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین ایجنسی (یو این ایچ سی آر ) اورعالمی تنظیم برائے فار مائیگریشن (آئی او ایم ) نےایک مشترکہ بیان میں لبنان میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی نقل مکانی و ہجرت کو روکنے کے لیےمعاشی حالات میں بہتری کےلیے لبنان کی مسلسل بین الاقوامی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔عالمی اداروں کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق،
اقوام متحدہ کی دو ایجنسیوں کی جانب سے یہ اپیل لبنان کے شمالی شہر طرابلس کے ساحل کے قریب مبینہ طور پر 84 غیر قانونی تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی کے الٹنے کے حادثے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہےجس میں ایک چالیس روزہ نومولود سمیت چھ تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے۔ یو این ایچ سی آر کے نمائندے ایاکی ایتو نے کہا کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ لبنان کے لیے مسلسل مدد کو متحرک کیا جائے کیونکہ مہاجرین اور لبنانیوں کے لیے حالات بدتر ہو رہے ہیں۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے سربراہمیتھیو لوسیانو نے خبردار کیا کہ لبنان کے معاشی بحران نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ نقل مکانی کو جنم دیا ہے کیونکہ تیزی سے مایوس کن معاشی حالات کے باعث لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد غیر محفوظ ذرائع سے لبنان چھوڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی نقل مکانی کے لیے فوری طور پرمحفوظ اور قانونی متبادل بشمول مقامی ذریعہ معاش کے لیے حالات بہتر بنانے اور تعاون و مدد فراہم کرکے خطرے میں پڑنے والی کمیونٹیز کے لیے خدمات تک بہتر رسائی کی ضرورت ہے۔