اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں بلکہ ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں آپ کی تکالیف کا احساس ہے۔ بدھ کو یوم استحصال کے موقع پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کا غیر قانونی فوجی محاصرہ کو آج ایک سال ہو گیا ہے اور یہ بات افسوسناک ہے کہ جس طرح سے بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی رہنمائوں کو نوٹس لینا چاہئے تھا، وہ نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ایک سال سے کرفیو لگا رکھا ہے اور مظلوم نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھروں میں قید کر دینا اور ان کی آزادیوں کو سلب کرلینا نہایت تکلیف دہ ہے ایسی صورتحال میں آپ تعلیم کے حصول کیلئے بھی گھر سے نہ نکل سکیں، اگر نکلیں گے تو گولی مار دی جائے گی۔ زرتاج گل نے کہا کہ میں عالمی رہمنائوں اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے ہندوتوا نظریے اور اس کی فوج نے کشمیریوں کی زندگی محصور کر رکھی ہے جس کا فی الفور خاتمہ ہونا چاہئے۔