اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے، میر واعظ

128

سرینگر ۔ 24 نومبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی فوجیوں کیطرف سے کنٹرول لائن پر گولہ باری سے آزاد کشمیر کے شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث تنازعہ کشمیر ایک طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ بے گناہ لوگوں کے قتل اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریکوںکو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں مسافر بس پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے گیارہ شہریوں کے قتل کو انتہائی وحشیانہ قرار دیا۔ انہوں نے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔