اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش کا پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لئے کردار ادا کرنے کی پیشکش

165

اقوام متحدہ۔ 20 فروری (اے پی پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے پاک بھارت کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کے لئے کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک کی طرف سے معمول کی بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ سیکرٹری جنرل نے دونوں فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی کے لئے فوری اقدامات کریں، دونوں ممالک چاہیں تو اس حوالہ سے سیکرٹری جنرل بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سیکرٹری جنرل کی طرف سے یہ پیشکش مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجیوں پر حملے کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد کی گئی ہے۔ پاکستان نے اس واقعہ میں ملوث ہونے کے الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے شواہد فراہم کرنے پر تحقیقات کی پیش کش کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان ایٹمی جنگ کے خطرہ کو مسترد کر دیا۔ قبل ازیں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک خط میں ان سے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں مدد کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا تھاکہ وہ بطور خاص سیکرٹری جنرل کی توجہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکی کے نتیجہ میں خطے میں خراب صورتحال کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے اقدامات ناگزیر ہیں اور اقوام متحدہ کو اس مقصد کے لئے لازماً مداخلت کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ بھارت داخلی سیاسی صورتحال کے پس منظر میں پاکستان کے خلاف جارحیت کا راگ الاپ رہا ہے۔