اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا رکن ممالک سےاقوام متحدہ کے چارٹر ،قانون کی حکمرانی کے وژن اور اقدار کو برقرار رکھنے کا مطالبہ

347

اقوام متحدہ ۔13جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نےتمام رکن ممالک سےاقوام متحدہ کے چارٹر اور خاص طور پر قانون کی حکمرانی کے وژن اور اقدار کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے پہلے تمام رکن ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے وژن اور اقدار کو برقرار رکھیں اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کریں۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اقوام متحدہ اور امن کے ہمارے مشن کی بنیاد ہےجس میں تمام افراد، ادارے عوامی اور نجی بشمول خود ریاست قانون کے سامنے جوابدہ ہیں، جس کا مقصد کمزورکو تحفظ فراہم کرنا اور امتیازی سلوک، ہراساں کرنے اور دیگر زیادتیوں کو روکنا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ نسل کشی سمیت جرائم کے خلاف دفاع کی ہماری پہلی لائن ہے، جو اداروں میں اعتماد پیدا کرتی ہے اور اسے تقویت دیتی ہے، یہ منصفانہ، جامع معیشتوں اور معاشروں کی حمایت کرتی ہے اور بین الاقوامی تعاون اور کثیرالجہتی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہمیں لاقانونیت کی حکمرانی کا شدید خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اقوام متحدہ کی طرف سے ان تمام تنازعات، آفات،بحرانوں اور بہت کچھ کا پرامن حل تلاش کرنے اور دنیا بھر میں کمزورافراد اور برادریوں کی مدد کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ رکن ممالک پر اعتماد کرتے ہیں کہ وہ اس کونسل سمیت پورے بورڈ میں قانون کی حکمرانی کو فروغ دینے کی ہماری کوششوں کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ چیلنجز بہت سے ہیں لیکن قانون کی بالادستی بین الاقوامی امن اور سلامتی کے قیام کی کوششوں کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نےرکن ممالک پر زور دیتےہوئے ہوئے کہا کہ وہ قانون کی حکمرانی کو حفاظتی ہتھیار کے طور پراستعمال کریں۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ 2030 کے ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے قانون کی حکمرانی کو ایک کلیدی اہلکار کے طور پر تقویت دے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جن میں جوہری تخفیف اسلحہ سے لے کر موسمیاتی بحران، حیاتیاتی تنوع، وبائی امراض اور خطرناک بیماریوں کا خاتمہ شامل ہے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔