اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا صائب عریقات کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

107

اقوام متحدہ۔11نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے تحریک آزاد ی فلسطین ( پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری جنرل و مشرق وسطی امن عمل میں فلسطین کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ صائب عریقات کے انتقال پر گہرے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے جاری ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل کو پی ایل او کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری جنرل و مشرق وسطی امن عمل میں فلسطین کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ صائب عریقات کے انتقال پر بہت دکھ ہے اور وہ اقوام متحدہ کی طرف سے صائب عریقات کے خاندان ، فلسطینی صدر محمود عباس، فلسطینی عوام اور دنیا بھر میں ان کے حامیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ صائب عریقات کورونا وائرس کے باعث مقبوضہ بیت المقدس کے ہداسہ ہسپتال میں علاج کے دوران پیچیدگیاں ہونے سے منگل کو انتقال کر گئے۔ صائب عریقات 1991 سے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کے سربراہ تھے اور انہیں 2015 میں پی ایل او کی ایگزیکٹو کمیٹی کا سیکرٹری جنرل تعینات کیا گیا ۔ انہوں نے اپنی زندگی کا طویل حصہ فلسطین اسرائیل کے دو ریاستی حل کے لیے کوششوں کے لئے وقف کیا۔