29.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 1, 2025
ہومقومی خبریںالشفا ٹرسٹ کی جانب سے دیہی علاقوں کیلئے موبائل آپریشن تھیٹر کا...

الشفا ٹرسٹ کی جانب سے دیہی علاقوں کیلئے موبائل آپریشن تھیٹر کا آغاز

- Advertisement -

راولپنڈی۔ 30 اپریل (اے پی پی):الشفا ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا ہے کہ ملک کے پسماندہ علاقوں میں قابلِ علاج نابینا پن کو کم کرنے کیلئے جدید ترین موبائل آپریشن تھیٹر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ آپریشن تھیٹر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا عطیہ ہے جس کی مدد سے دور دراز علاقوں کے رہنے والے ان لوگوں کوآنکھوں کے مفت آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی جو وسائل کی کمی کی وجہ سے شہروں میں واقع ہسپتالوں تک رسائل نہیں رکھتے۔ جنرل رحمت خان نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال فتح جنگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین ٹرکوں پر مشتمل یہ جدید ترین موبائل یونٹ دیہی علاقوں کے عوام کے لئے امید کی کرن ہے اور اب الشفا سینٹر فار کمیونٹی آئی کیئر عوام کی زیادہ بہتر انداز میں خدمت کر سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ الشفا ٹرسٹ آنکھوں کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ملک کا سب سے بڑا فلاحی پروگرام چلا رہا ہے۔ مالی سال 2024-25 کے دوران تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار بچوں کی آنکھوں کی سکریننگ کی جا چکی ہے جبکہ رواں سال میں 700 آنکھوں کے کیمپ لگائے جا چکے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیا موبائل یونٹ عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے جس میں ایک دن میں ایک سو آپریشن کئے جا سکتے ہیں۔آؤٹ ریچ پروگرام کے جنرل مینجرڈاکٹر محمد نجم الحسنات نے کہا کہ یہ موبائل یونٹ مکمل طور پر جراثیم سے پاک اور دور دراز علاقوں میں کام کے لیے تیار ہے۔

- Advertisement -

اس موقع پر مہمان خصوصی او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات نے بتایا کہ موبائل یونٹ سے عوام کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ ان کا ادارہ 2017 سے الشفاء ٹرسٹ کی مدد کر رہا ہے اور اب تک ہمارے تعاون سے 160 آئی کیمپ، 28,000 سے زیادہ آپریشن ، 2 لاکھ 60 ہزار مریضوں کا علاج اور 75 ہزار بچوں کی آنکھوں کی اسکریننگ ہو چکی ہے۔الشفاء سے تعاون ایک اعزاز ہے جسے مزید بڑھایا جائے گا۔تقریب کے آخر میں آنکھوں کا ایک کیمپ بھی لگایا گیا، جہاں موبائل یونٹ میں کامیاب سرجریز کی گئیں جن میں سفید موتیا کے آپریشن بھی شامل تھے جسے دیہی علاقوں میں آنکھوں کی دیکھ بھال کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ الشفاء ٹرسٹ کے ہسپتالوں میں تقریباً 80 فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ یہ ہسپتال راولپنڈی، چکوال، کوہاٹ، سکھر، مظفرآباد اور گلگت میں واقع ہیں۔ لاہور میں ایک نیا ہسپتال 2027 تک کھولنے کا منصوبہ ہے، جو لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590733

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں