مکہ ۔ 2 جون (اے پی پی) سعودی عرب میں ہونے والی چودھویں اسلامی سربراہ کانفرنس کے اختتام پر جاری ہونے والے ”اعلان مکہ“ میں فلسطینیوں کے لئے آزاد ریاست کے قیام کے حق کا پرزور اعادہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق مسئلہ فلسطین اور القدس کے معاملے کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ تنظیم نے تمام فورمز پر اس مسئلے کے حق میں اپنی اصولی اور حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینیوں کے قومی حقوق، بشمول حق خود ارادیت اور 1967ءکی سرحدوں کے اندر آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کی حمایت کی جائے گی جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ تنظیم نے اقوام متحدہ کی قرارداد 194 کے تحت فلسطینیوں کے وطن واپسی کے حق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان حقوق کو سلب کرنے کی کوششوں کا پوری طاقت سے مقابلہ کیا جائے گا۔ عالمی رہنماو¿ں نے اپنے خطابات میں مسئلہ فلسطین، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے اور دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر توجہ مرکوز رکھی۔اعلامیے میں یروشیلم کو اسرائیل کا مبینہ دارالحکومت تسلیم کرنے کے غیر قانونی، غیر ذمہ دارانہ فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایسی کوششوں کو مسترد کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کا یہ ایک باطل فیصلہ ہے اور اسے فلسطینیوں اور اسلامی دنیا کے تاریخی، قانونی اور حقوق پر حملہ تصور کیا جائے گا۔“