گوجرانوالہ۔ 02 مارچ (اے پی پی):حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق، حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلعی ناظمہ گوجرنوالہ نازیہ عبدالستار نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہمیں ایک مرتبہ پھر اس ماہ مبارک کے فیوض و برکات سمیٹنے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔ رمضان المبارک محض روزہ رکھنے کا مہینہ نہیں بلکہ یہ ہمیں اپنی روحانی پاکیزگی، تزکیہ نفس اور عبادات میں بہتری لانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ہمیں اس ماہ مبارک کی ہر گھڑی میں اپنی زندگیوں کو عبادات توبہ اور صدقہ دینے کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں معرضِ وجود میں آیا۔ رمضان کی رحمتوں میں وطنِ عزیز کی سلامتی، امن و استحکام، دشمن کی چالوں کی ناکامیوں اور اسلامی نظام کے قیام کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔
استغفار کو معمول بنا لیں۔ ناظمہ ضلع گوجرانوالہ نازیہ عبدالستار نے کہا کہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے لوگوں کو قرآن سے جوڑنے اور مکمل ربانی پیغام سے روشناس کروانے کیلئے حلقہ خواتین سو سے زائد رہائشی و تعلیمی مقامات پر دور قرآن اور شارٹ کورسز کا انعقاد کررہی ھے۔
رمضان المبارک میں اہل فلسطین و کشمیر کے صبر و استقامت اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں فلسطین اور کشمیری عوام کی زیادہ سے زیادہ حمایت اور مدد کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔ اس رمضان میں ہمیں خاص طور پر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دل کی گہرائیوں سے دعا کرنی چاہیے جو اپنی آزادی اور حقوق کے لئے ظلم و ستم سہہ رہے ہیں۔