اللہ والے ٹرسٹ سکالرشپ پروگرام کےلئے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے69 مستحق طلبا منتخب،ترجمان

143
اللہ والے ٹرسٹ سکالرشپ پروگرام کےلئے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے69 مستحق طلبا منتخب،ترجمان

لاہور۔19مئی (اے پی پی):اللہ والے ٹرسٹ سکالرشپ پروگرام کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسزلاہور کے69مستحق طلبا کے انٹرویو گزشتہ روز اللہ والے ٹرسٹ ہیڈ آفس میں منعقد ہوئے- ترجمان کے مطابق انٹرویوز کا مقصد ایسے مستحق طلبا کا انتخاب کرنا تھا جو پیشہ ورانہ ڈگریاں کر رہے ہیں،انہیں تعلیمی حصول میں مدد کیلئے وظیفہ اور امدادی رقم بطور قرض حسنہ دی جائے گی تاکہ طلبہ کی عزت نفس بھی مجروح نہ ہو۔

ڈائریکٹر سکالرشپ پروگرام ڈاکٹر خالد منظور بٹ کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کی دیگر شخصیات میں سیکرٹری فنانس، ڈاکٹر شازیہ لون، سابق پی ڈی ایچ ایم ایس، ڈاکٹر عاصم فاروقی،ڈاکٹرسعدیہ رفیق،ڈائریکٹر پی ایچ ای سی،ڈاکٹر ممتاز علی اورڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ ای سی، قاضی محمد علی شامل تھے جن کی مشترکہ مہارت اور لگن نے انتخاب کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔

اللہ والے ٹرسٹ سکالرشپ پروگرام سے کل69نمایاں طلبا مستفید ہوں گے،دئیے جانیوالے وظائف میں یونیورسٹی کی فیس، ہاسٹل کی رہائش، ہوسٹل میں کھانے و ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگر اخراجات شامل ہونگے، ہاسٹل میں رہنے والے طلبہ کو ماہانہ 4000روپے وظیفہ جبکہ سکالرز کو 7000روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت مستحق طلبا مالی بوجھ کی فکر کئے بغیر اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھ سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ سکالرشپ پروگرام کے تحت تقریبا 200ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔