الپائن کلب آف پاکستان کاسرمائی سیاحت کے فروغ کےلئے ’’نیشنل سنو ہائیک‘‘ کا اہتمام

193

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان نےسرمائی سیاحت کے فروغ کےلئے ’’نیشنل سنو ہائیک‘‘ کا اہتمام کیا ہے،نیشنل سنو ہائیک 18 اور19 فروری کو سدھن گلی سے گنگا ٹاپ تک ہوگی جس کےلئے سیاحوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ۔ الپائن کلب پاکستان کے صدر ابوظفر صادق نے بتایا کہ سرمائی سیاحت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان میں اس کے بہت مواقع موجود ہیں جنہیں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں ہائیکنگ جیسی مثبت سرگرمیو ں کو فروغ دے کر معاشرے میں بہتری لائی جاسکتی ہے اور پاکستان کی ترقی میں بھی سیاحت بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیاح18 فروری کو نیشنل سنو ہائیک کےلئے اسلام آباد سے باغ کےلئے روانہ ہوں گے ،الپائن کلب کی طرف سے شرکا کو سرمائی سیاحت کی اہمیت کے بارے میں بریفنگ بھی دی جائے گی۔اس موقع پرسرمائی کھیلوں اور سیاحت کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔