اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)نے عام انتخابات کے سلسلے میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے اہل افراد کو پوسٹل بیلٹ پیپرز کی فراہمی کا عمل شروع کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات کیلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے حوالے درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 22 جنوری 2024 مقرر کی ہے جبکہ پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے پر اہل افراد اپنے ووٹ کو مقررہ وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرکوبھجوائےگا۔
ای سی پی کے ایک عہدیدار نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات اگلے ماہ 8 فروری کو ہونے والے ہیں اور اس حوالے سے تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ موصول ہونے کے بعد ووٹرز مقررہ وقت کے اندر اپنے ووٹ متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کو بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے والے افراد کو پولنگ اسٹیشنوں پر ذاتی طور پر ووٹ ڈالنے کا استحقاق حاصل نہیں ہوگا۔
ای سی پی کے مطابق درخواست کو ووٹر آفس کی طرف سے بھیجنا یا توثیق کرنا ضروری ہے تاکہ غیر مجاز افراد کو پوسٹل بیلٹ کے لئے درخواست دینے سے روکا جاسکے۔ درخواست موصول ہونے کے بعد ریٹرننگ آفیسر الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق بیلٹ پیپر اور لفافہ بذریعہ ڈاک ووٹر کو بھیجنے کا پابند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لفافے پر پوسٹنگ کا سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے جس میں پوسٹنگ کی تاریخ بھی درج ہونی چاہیے جسے ووٹر بھیجتے وقت متعلقہ پوسٹ آفس کے آفیسرکے ذریعے بھرےگا۔
ایکٹ میں کہا گیا ہے کہ پوسٹل بیلٹ کی وصولی کے بعد ووٹر کو باقاعدہ طور پر اپنا ووٹ ریکارڈ کرنا چاہیے اور ریکارڈ ہونے کے بعد ووٹر کو فراہم کردہ لفافے میں ریٹرننگ آفیسر کو بیلٹ پیپر پوسٹ کرنا ہوگا، ووٹر کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ یہ مکمل نتائج کے جمع ہونے سے پہلے پہنچ جائے۔
پوسٹل بیلٹ کی یہ شق سرکاری افسران، مسلح افواج کے اہلکاروں، سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے افراد اور ان کے حلقوں سے دور رہنے والے اور انکے ساتھ رہنے والے اہل خانہ کو سرکاری پولنگ کے دن سے پہلے ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کے لئے تیار کی گئی ہے۔اہلیت کے معیار میں حراست میں رکھے گئے اور جسمانی طور پر معذور افراد بھی شامل ہیں کیونکہ ان کے پاس کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی)ہے جس پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے جاری کردہ معذوری کا لوگو درج ہے۔