اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پر اکتوبر میں آئندہ عام انتخابات کرانے کے حوا لے سےکوئی رکاوٹ نہیں ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عام انتخابات شیڈول کے مطابق کرانے کی اجازت دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ انداز میں کرانے کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں۔سیاسی رہنماؤں کی تاحیات نااہلی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو تاحیات نااہل قرار دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
نواز شریف کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم جلد پاکستان پہنچ کر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی بھرپور حمایت سے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کے وژن اور رہنمائی میں ترقیاتی اور فلاحی کام جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے خلاف حریف جماعت کی جانب سے درج کیے گئے جھوٹے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وقت سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ صرف افواہیں ہیں جو ملک میں پھیلائی جا رہی ہیں۔