الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ بمعہ فہرست عوام کی آگاہی کیلئے شائع کر دی

57

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ بمعہ فہرست (فارم 5) عوام الناس کی آگاہی کیلئے شائع کر دی ہے اور یہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk پر بھی موجود ہے۔ حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 دن (یکم جون سے 30 جون 2022) تک جاری رہے گی۔ منگل کو الیکشن کمیشن سے جاری بیان کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات متعلقہ حلقہ کا ووٹر کر سکتا ہے۔

یہ اعتراضات سیکرٹری الیکشن کمیشن کے نام ہوگی اور 30 جون 2022 تک الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ شاہراہ دستور اسلام آباد میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن فریقین کا موقف سننے کے بعد یکم جولائی سے 30 جولائی 2022 تک ان اعتراضات پر فیصلے کرے گا۔ اعتراضات جمع کروانے کیلئے ضروری ہے کہ اعتراضات جمع کروانے والا متعلقہ حلقہ کا ووٹر ہو۔ اعتراضات میمورنڈم کی صورت میں بنام سیکرٹری الیکشن کمیشن پیش کرنا ہوں گے۔ متعلقہ ووٹر میمورنڈم پر دستخط کرے گا۔

وہ خود اس کا نمائندہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں قائم سنٹر میں اسے جمع کرائے گا۔ اعتراضات اور نقشہ جات کی 8 کاپیاں الیکشن کمیشن میں جمع کروانا ہوں گی۔ ضلع کے نقشہ جات الیکشن کمیشن سے ضروری قیمت ادا کرکے کئے جا سکتے ہیں۔ بذریعہ کوریئر، ڈاک اور فیکس وغیرہ اعتراضات قابل قبول نہیں ہوں گے۔ الیکشنز رولز 2017 کے رول 12 کے تحت اعتراضات جمع کرانا ہوں گے۔