الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے۔23، این اے۔116 سمیت مختلف حلقوں کی درخواستوں پر فیصلے محفوظ کر لئے

111
الیکشن کمیشن کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں آئے گا اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا، ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔23، این اے۔116 سمیت مختلف حلقوں کی درخواستوں پر فیصلے محفوظ کر لئے۔ الیکشن کمیشن میں جمعہ کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ۔23 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے ۔57 مردان سے امیدوار کلیم اللہ خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر درخواست گزار نے کہا کہ حلقہ میں بہت بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، آر او سے رپورٹ طلب کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ الیکشن کمیشن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ۔116 شیخوپورہ میں انتخابات میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے درخواست کی سماعت کی گئی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولنگ کے بعد بند کمروں میں ٹھپے لگائے گئے، حلقہ میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ الیکشن کمیشن نے اس پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی ۔285 تونسہ سے امیدوار سردار اکرم خان کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔