الیکٹرانک ٹول سسٹم کو بتدریج قومی شاہرات تک توسیع دی جائے گی، اسعد محمود

59

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ٹول سسٹم سے محصولات سے متعلقہ درست ڈیٹا فراہم ہوگا، ایف ڈبلیو او کی اہلیت اور تجربے سے استفادہ کیا جائے گا اور الیکٹرانک ٹول سسٹم کو بتدریج قومی شاہرات تک توسیع دی جائے گی – ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹر ویز پر الیکٹرانک ٹول پلازوں کی تنصیب کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

یہ تقریب نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوئی جس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے درمیان موٹر ویز پر الیکٹرانک ٹول پلازوں کی تنصیب بارے معاہدے پر دستخط کئے گئے- اس موقع پر مواصلات کے وفاقی سیکرٹری و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کمال اظفر، انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس خالد محمود سمیت وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

ڈائریکٹر آئی ٹی فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن بریگیڈیئر (ر) آصف صدیق نے منصوبے بارے بریفنگ دی۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے ممبرفنانس محمد اظہر اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی طرف سے ڈائریکٹر آئی ٹی بریگیڈیئر (ر) آصف صدیق نے دستخط کئے۔ اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا کہ موٹر ویز پرٹول ٹیکس کی الیکٹرانک نظام کے ذریعے وصولی کے اس معاہدے کا دورانیہ 7 سال کا ہے،جسے 3 سال کی مزید توسیع دی جاسکے گی۔

الیکٹرا نک ٹولنگ سسٹم میں جدید مشینری کی تنصیب،آپریشنل اینڈ منیجمنٹ سروسز اور اس سے متعلقہ دیگر خدمات بشمول فائبر آپٹک طریقہِ ترسیلِ شامل ہیں۔ اس فائبر رابطہ کا مقصد موٹرویز محصولات کے حوالہ سے درست اعداد و شماراکٹھا کرنا اور ایم ٹیگ یعنی پیشگی الیکٹرانک محصول ادائیگی سے جڑے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ٹول ٹیکس کی دستی ادائیگی کے بجائے الیکٹرانک وصولی، ٹریفک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اسعد محمود نے کہا کہ ای ٹولنگ کا سب سے بڑا مقصد ٹریفک اور تجارتی سرگرمیوں کو رواں دواں رکھنا اور مسافروں کا مکمل تحفظ یقینی بناناہے۔اس معاہدے پر عملدرآمد سے موٹر ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔موٹرویز پر قائم تمام ٹول پلازوں کے آپس میں مربوط اور ہم آہنگ ہونے سے وقت کی بچت ہوگی اور وہاں انتظار کی زحمت کے بغیر سبک ٹریفک رواں دواں رہے گی۔ اسعد محمود نے کہا کہ الیکٹرانک ٹول سسٹم کو بتدریج ملک کی قومی شاہرات تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موٹرویز پر ٹول ٹیکس کی الیکٹرانک وصولی کا منصوبہ 8 ماہ میں مکمل کرلیاجائے گا۔انہو ں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری منصوبوں کو قومی جذبے کے ساتھ جلد ازجلد مکمل کیاجائے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایف ڈبلیو او،موٹرویز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک ٹول ٹیکس کی وصولی کے نظام کو تکنیکی بنیادوں پر چلانے کی اہلیت اور وسیع تجربے کا حامل ہے۔

پاکستان میں خودکار الیکٹرانک ٹول ٹیکس کی وصولی کا اجراء بھی سب سے پہلے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے کیا تھا اور اسلام آباد، راوی، کالا شاہ کاکو اور سمبڑیال ٹول پلازوں پر بھی چند مخصوص لینزمیں ٹول ٹیکس کی الیکٹرانک وصولی بھی خودکار بنیادوں پر کی جاتی ہے۔اس معاہدے پر عملدرآمد سے ملک میں موٹر ویز نیٹ ورک پر ٹول ٹیکس کی وصولی جدید الیکٹرانک اور خودکار سسٹم کے ذریعے ممکن ہوگی۔

آخر میں وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محموداور ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن میجر جنرل کمال اظفر کو این ایچ اے کی طرف سے خصوصی شیلڈز پیش کیں۔جبکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر نے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود،وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا اور انسپکٹرجنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود کو یاد گاری شیلڈز پیش کیں۔