امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں فروری کے دوران 20 فیصد کی نمو ریکارڈ

147
State Bank

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں فروری کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 20 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے، جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں یو اے سی سے ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے فروری تک کی مدت میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.198 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے 3.777 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ فروری میں یو اے ای سے ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 16 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

فروری میں یو اے ای سے ترسیلات زر کا حجم 324 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال فروری میں 386 ملین ڈالر تھا۔ جنوری کے مقابلہ میں فروری میں یو اے سی سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 20 فیصد کااضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔ جنوری میں ترسیلات زر کا حجم 269 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا جو فروری میں بڑھ کر 324 ملین ڈالر ہو گیا۔