پشاور۔ 10 مئی (اے پی پی):امتحانات میں شفافیت کو یقینی بنانے اور نقل جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ پشاور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فقیرآباد میں ایک فوٹو اسٹیٹ شاپ پر چھاپہ مارا، جہاں حل شدہ امتحانی پرچے مختلف امتحانی مراکز کو فراہم کیے جا رہے تھے۔ چھاپے کے دوران حل شدہ پرچے برآمد ہوئے جس پر شاپ مالک کو موقع پر گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی ہدایت پر کی گئی اس کارروائی کا مقصد تعلیمی نظام کو شفاف بنانا اور طلبہ کے حق کو یقینی بنانا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔ تعلیم کے نظام میں مداخلت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595375