امجد صدیق کی کتاب "جاپان کہانی” آج کا برننگ ایشو ہے،گورنر پنجاب

128
امجد صدیق کی کتاب "جاپان کہانی" آج کا برننگ ایشو ہے،گورنر پنجاب

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ امجد صدیق کی کتاب "جاپان کہانی” آج کا برننگ ایشو ہے،غریب بچے اپنے بہتر مستقبل کے خواب سجائے اپنی جمع پونجی لگا کر بیرون ممالک جاتے ہیں مگر غیر قانونی طریقے اپنانے سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، یہ بہت اہم مسئلہ ہے جس پر ایکشن لینے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی اشد ضرورت ہے، اس مسئلے پر جزا و سزا کاسلسلہ شروع کرنا پڑے گا،اس ملک کی عزت اور وقار کیلئے سب کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کونیشنل پریس کلب اسلام آباد میں معروف صحافی اور مصنف امجد صدیق کی دوسری تصنیف ” جاپان کہانی”کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل پریس کلب کو اپنا گھر سمجھتا ہوں ، این پی سی کے تمام عہدیداروں افضل بٹ اور امجد صدیق کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس کتاب کی رونمائی کیلئے مدعو کیا، تقریب رونمائی میں شرکت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں، گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ امجد صدیق نے بہت اچھی کتاب لکھی ہے

، اس کتاب کا موضوع آج کا برننگ ایشو ہے،آئے روز ہونے والےکشتی حادثوں میں جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی ضرور شامل ہوتے ہیں جو انتہائی افسوسناک بات ہے،غربت کی وجہ سے بچے اور انکے والدین زندگی بھر کی اپنی جمع پونجی خرچ کرکے اپنے بچوں کو بہتر مستقبل کیلئے بیرون ممالک بھجتے ہیں جو بدقسمتی سے اکثر حادثات کا شکار ہو کر اپنے زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں،انسانی سمگلر کالی بھیڑوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں،یہ بہت اہم مسئلہ ہے جس پر حکومت کو خاص توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے،انسانی سمگلر کو نشان عبرت بنانا چاہیے،انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو ہر طرح کی معدنیات سے نوازا ہےخرابی ہمارے اندر موجود ہے

،مافیاز اس ملک کی عزت کو خاک میں ملا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے ورکرز کو عزت دیتی ہے، اپنی پارٹی قیادت کی وجہ سے آج گورنرپنجاب ہوں ۔ اس موقع پر کتاب کے مصنف اور سینئر صحافی امجد صدیق نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکی یہ کتاب پہلی کتاب کا تسلسل ہے، ہم روزانہ ٹی وی پر دیکھتے ہیں کہ ڈنکی لگاتے ہوئے ہمارے نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جو افسوسناک بات ہے،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے تقریب کی نظامت کرتے ہوئے امجد صدیق کی نئی تصنیف کو بہترین کاوش قرار دیا۔

این پی سی کے صدر اظہر جتوئی اور سیکرٹری نیئر علی کا کہنا تھا کہ سیاسی شخصیات ادبی تقریبات میں کم ہی شرکت کرتی ہیں مگر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا یہ خاصہ ہے کہ ہم نے انہیں جب بھی بلایا انہیں اپنے ساتھ پایا، امجد صدیق کی پہلی تصنیف بہت خوبصورت کتاب تھی امید ہے انکی دوسری کتاب بھی اسی طرح کی دلچسپی سے بھرپور ہوگی،صحافت کا کتاب سے گہرا تعلق ہے،

این پی سی اس طرح کی تقریبات کو جاری رکھے گا، سینئر صحافی اور این پی سی کے سابق صدر طارق چوہدری کا کہنا تھا کہ جاپانی عظیم قوم ہیں ،جاپان نے اٹیم بم گرنے کے باوجود اپنی قوت ارادی سے ترقی کی اور ایک قوم بن کر دیکھایا،معروف مصنف اور سینئر صحافی ڈاکٹر فاروق عادل نے کہا کہ امجد صدیق جس طرح خود ایک سادہ سے انسان ہیں اسی طرح انکا انداز تحریر بھی نہایت سادہ مگر دل کو موہ لینے والا ہے،

انکی کتاب کی خوبی ہے کہ بندہ اسے ایک بار شروع کرے تو اسے ختم کر کے ہی دم لیتا ہے،معروف مصنف اور صحافی سجاد اظہر نے کہا کہ امجد صدیق نے کوریا کے حوالے سے اتنی شاندار کتاب لکھی، آج انکی دوسری کتاب جاپان کہانی کے نام سے ہم سب کے سامنے ہے،انکی کتابوں میں یہ سوال موجود ہے کہ 25 کروڑ لوگوں کے ملک میں نوجوانوں کا مستقبل کیا ہے۔ تقریب سے آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک، سینئر صحافی اور اینکر علی رضا علی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔