امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں سالانہ پروگرام ، ملکی ٹرک آرٹ کی نمائش کی گئی

واشنگٹن۔8مئی (اے پی پی):امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پاسپورٹ ڈی سی کے نام سےسالانہ پروگرام منعقد ہوا جس میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ٹرک آرٹ ،روایتی لباس، جواہرات، آرٹ نمونے،فرنیچر،قالین اور مزیدار کھانوں کی نمائش کی گئی۔ پاکستانی سفارتخانے میں گزشتہ روز منعقدہ تقریب میں 3 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں پاکستانی نژاد امریکی شہری،سفارتکار،امریکی حکام، تھنک ٹینک کمیونٹی،غیر سرکاری اداروں اور میڈیا سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اور بچوں نے ملکی ثقافت کی بھرپور نمائندگی کی۔

تقریب اپنے مقررہ وقت سے پہلے ہی شروع ہوئی اور دوپہر تک جاری رہی ۔ سفارتخانے کا گراؤنڈ فلور اور جمشید مارکر ہال لوگوں سے بھر گیا اور وہاں بجائی جانے والی پاکستانی موسیقی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ تقریب میں لگائے گئے سٹالز میں روایتی اور غیر روایتی سلے اور بغیر سلے ڈیزائنر کپڑے و دلہن کے ملبوسات، جواہرات ، زیورات، ہاتھ سے بنے قالین ، چنیوٹی فرنیچر، فن پارے اور پینٹنگز، موسیقی کے آلات، جوتے (پشاوری چپل) اور مختلف مصالحے شامل تھے۔

نمائش میں پاکستانی کھانوں اور چائے کے سٹال بھی لگائے گئے جبکہ روایتی مصنوعات کے ساتھ ساتھ، تیزی سے بڑھتا ہوا آئی ٹی سیکٹر بھی تھا جو دنیا بھر میں کاروبار کو بڑھانے کے لیے جدید ڈیجیٹل آئی ٹی حل فراہم کرنے میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کی عکاسی ہے۔ نمائش میں شرکا نے مہندی کے سٹال پر اپنے ہاتھوں پر مہندی لگوائی۔

رکشہ اور سکوٹر پر پینٹ پاکستانی ٹرک آرٹ نے دیکھنے والوں کو محظوظ کیا۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے سالانہ پروگرام میں شرکت پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ملک کی نمایاں خصوصیات کو اجاگر کیا ۔اس موقع پر ان کی اہلیہ اور سفارت خانے کے افسران نے بھی مہمانوں کی مدد اور رہنمائی کی۔ واضح رہے کہ یہ ایونٹ عالمی یوم ثقافت کے موقع پر مئی میں ہرسال منعقد کیا جاتا ہے۔