38.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںامریکا میں پاکستانی سفیر کا ریاست کیلیفورنیا کے شہر اروین کے ساتھ...

امریکا میں پاکستانی سفیر کا ریاست کیلیفورنیا کے شہر اروین کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے کو منسلک کرنے پر زور

- Advertisement -

واشنگٹن۔19جنوری (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان سے ریاست کیلیفورنیا کے شہر اروین کی پہلی مسلمان خاتون میئر فرح این خان نے ملاقات کی اور ٹیکنالوجی ، میڈیٹیک اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم شعبوں میں ترقی پر روشنی ڈالی۔52 سالہ فرح این خان کا خاندان اس وقت سے امریکا میں مقیم ہے جب وہ 3سال کی تھیں۔ فرح این خان پہلی مسلمان خاتون میئر ہیں جو گزشتہ سال نومبر میں دوسری بار اروین کی میئر بنیں ۔

پاکستانی سفارتخانے کے مطابق پاکستانی سفیر نے فرح این خان کو کامیاب سیاسی کیریئر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتیں اور کامیابیاں پاکستان اور امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے لیے باعث فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو جڑواں صوبے قرار دینے کا حالیہ معاہدہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ریاست سے صوبے اور شہر سے شہر اقتصادی روابط قائم کرنے کا ایک ماڈل فراہم کرتا ہے۔

- Advertisement -

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ٹیک سٹارٹ اپس، جو نوجوانوں کے ذریعہ شروع کیے گئے ہیں اور اروین کا ایک متحرک ٹیکنالوجی شعبہ نہ صرف دونوں فریقین کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے بلکہ عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں کو مضبوط بنانے کے لیے مضبوط شراکت داری قائم کر سکتا ہے۔

انہوں نے پنجاب اور کیلیفورنیا کو جڑواں صوبے قرار دینے کےمعاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کا سب سے بڑا آبادی والا صوبہ پنجاب اور ریاست کیلی فورنیا کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لیے راستے تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستان کے ریاست کیلیفورنیا کے شہر اروین کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے کو منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر میئر فرح این خان نے ملاقات پر پاکستانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور ٹیک، میڈی ٹیک اور مصنوعی ذہانت کو اہم شعبوں کے طور پر اجاگر کیا جن میں اروین نمایاں پیش رفت حاصل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور جدید ترین ٹیکنالوجیز میں اعلیٰ مہارتیں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے امید افزا ہیں ہے۔انہوں نے اروین اور ریاست کیلیفورنیا کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاکستانی تارکین وطن کے گرانقدر تعاون اور خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر نےمیئر فرح خان کو چیمبر اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور عوام سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ایک تجارتی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو جڑواں صوبے قرار دیا گیا اور اس سلسلہ میں معاہدے پر دستخط امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دارالحکومت سیکرامنٹو میں ہوئے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے معاہدے پر دستخط چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ واصف خورشید اور کیلیفورنیا کی طرف سے کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کے سپیکر انتھونی رینڈن نے معاہدے پر دستخط کئے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=347039

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں