13.2 C
Islamabad
منگل, فروری 25, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںامریکا میں پاکستانی کمیونٹی آئندہ نسلوں کو اردو ادب اور ملک کے...

امریکا میں پاکستانی کمیونٹی آئندہ نسلوں کو اردو ادب اور ملک کے شاندار ثقافتی ورثے سے روشناس کرائے،سفیر رضوان سعید شیخ

- Advertisement -

واشنگٹن۔25فروری (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستانی کمیونٹی سے کہا ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کو اردو ادب اور ملک کے شاندار ثقافتی ورثے سے روشناس کرائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے ووڈ برج میں مسلم رسپانس یو ایس اے کے ذیلی ادارے بزم حرف و سخن کے زیر اہتمام برصغیر کے عظیم شاعر اسد اللہ خان غالب کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں ممتاز ادبی شخصیات، کمیونٹی لیڈرز، میڈیا کے نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر عبداللہ، خالد حمید، نغمہ صبوحی، فیض رحمان، راحیلہ فردوس، بابر سرور، راشد انصاری اور علی شعیب حسن شامل تھے۔انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو دعوت دی کہ وہ ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے تقریبات کے انعقاد کے لئے سفارت خانے کے وسائل بروئے کار لائے۔ سفیر نے غالب کی فکری گہرائی پر زور دیتے ہوئے ان کی میراث کو بچانے کے ساتھ ساتھ اسے آنے والی نسلوں تک پہنچانے پر زور دیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اردو زبان کے ساتھ ساتھ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اردو ہماری شناخت کا اٹوٹ حصہ ہے اور اس کی ترویج اور ترقی پاکستانیت کو مضبوط کرے گی۔ رضوان سعید شیخ نے امریکا میں اردو زبان اور پاکستانی ثقافت کے فروغ کے بارے میں کہا کہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنا عوامی سفارت کاری کا ایک اہم پہلو ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ سفارت خانے نے حال ہی میں پاکستانی فنون اور ادب کی نمائش کے لیے اسلامی خطاطی کی نمائش کا اہتمام کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سفارت خانے میں تمام ایونٹس کو دستاویزی شکل میں سفارت خانے کے کاغذات کے طور پر شائع کیا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایسی سرگرمیاں تاریخی ریکارڈ کا حصہ بن جائیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستانی سفیر نے ڈاکٹر عارف محمود اور بزم حرف سخن کے دیگر عہدیداروں کو ان کی لگن، کوششوں اور تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ بعد ازاں پاکستانی سفیر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے مختلف شخصیات کو ان کی سماجی اور پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے بھی نوازا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566021

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں