واشنگٹن۔7دسمبر (اے پی پی):امریکا نے سوڈان میں تنازعہ کے فریقین پر جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ریپڈ سپورٹ فورسز کو نسلی کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔عرب نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے ارکان نے سوڈان میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے ۔
انہوں نے ریپڈ سپورٹ فورسز اور ملیشیاؤں کے ارکان پر یہ الزام عائد کیا کہ وہ انسانیت کے خلاف جرائم اور نسلی کشی کی کارروائیوں کا ارتکاب کرتی ہیں۔انہوں نے سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز پر زور دیا کہ وہ تنازعے کو روکیں، بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417562