امریکا،برطانیہ اورچین جاری مالی سال میں پاکستانی برآمدات کیلئے سرفہرست ممالک رہے، پاکستان بیوروبرائے شماریات

81
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):امریکا،برطانیہ اورچین جاری مالی سال میں پاکستانی برآمدات کیلئے سرفہرست ممالک رہے ہیں۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرنومبر2020 تک کی مدت میں پاکستان کی سب سے زیادہ برآمدات امریکاکی گئیں، مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں امریکا کو1.855 ارب ڈالرکی برآمدات کی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 6.36 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا کو1.744 ارب ڈالرمالیت کی برآمدات ریکارڈکی گئیں۔برطانیہ کو جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 773.83 ملین ڈالرکی برآمدات کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 6.45 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال میں برطانیہ کو726.94 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات ریکارڈکی گئیں۔چین پاکستانی برآمدات کیلئے تیسری اہم منڈی ثابت ہوئی، جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں چین کو615.73 ملین ڈالرکی برآمدات ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15.36 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 727.48 ملین ڈالرریکارڈکیا گیاتھا۔جرمنی اوریواے ای پاکستانی برآمدات کیلئے چوتھے اورپانچویں بڑے ممالک کے طورپرسامنے آئے ہیں۔