امریکہ کی 4 ریاستوں میں کورونا ویکسین کی فراہمی

76

واشنگٹن۔17نومبر (اے پی پی):امریکہ کی ریاست ٹیکساس، یو میکسیکو، رہوڈی آئی لینڈ اور ٹینیسی میں فائزر کمپنی کی تیار کردہ ویکسین آزمائشی بنیاد پر مریضوں کو دی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ویکسین کے نتائج کے بعد اسے امریکہ کی دیگر ریاستوں اور دنیا کے مختلف ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا۔امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کرنے کے بعد متعدد ریاستوں میں حکام نے نئی پابندیاں عائد کرنا شروع کر دی ہیں۔مشی گن کے گورنرنے ریستورانوں میں بیٹھ کر کھانا کھانے، ہائی سکولوں اور کالجوں کے طالب علموں کو تعلیم کے لیے کیمپس جانے، کیسینو اور سنیما گھروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کورونا وائرس کی وبا کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں، اس لیے کچھ اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔ ریاست واشنگٹن کے گورنر نے بھی ریستورانوں میں بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ سٹورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک وقت میں گنجائش کے 25 فی صد سے زائد گاہکوں کو اندر آنے کی اجازت نہ دیں۔امریکہ کے معروف ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے توقع ظاہر کی ہے کہ کورونا ویکسین چند ہفتوں میں دستیاب ہو گی اور ملک میں کورونا وائرس پر آئندہ برس اپریل یا جولائی میں بڑی حد تک قابو پا لیا جائے گا۔