اقوام متحدہ ۔ 6 نومبر (اے پی پی) اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اسحاق آل حبیب نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ملکوں کے عوام کے خلاف امریکہ کے تباہ کن اقدامات امن و سلامتی کے فروغ میں خواتین کے تعمیری کردار کو کمزور کر رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ میں منگل کی شب خواتین اور امن و سلامتی کے موضوع پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہ کہا کہ مسلح جھڑپوں سے خواتین کو بچانے کا موثر ترین راستہ یہ ہے کہ جھڑپوں کو وقوع پذیر ہونے سے روکا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی قبضے کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان فلسطینی خواتین کو اٹھانا پڑ رہا ہے اور سلامتی کونسل مسلسل کمزوری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطینی خواتین اور بچیوں کو موت، گرفتاریوں، ایذا رسانی، بے گھر ہونے اور ان کے حقوق کی منظم پامالی سے بچانے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔