ماسکو ۔ 20 نومبر (اے پی پی) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ امریکی صدارتی الیکشن میں روس نے قطعاً مداخلت نہیں کی تھی۔ صدر پیوٹن نے یہ بات امریکی نائب صدر کے استفسار پر جواباً کہی تھی۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں رہنماﺅں کے درمیان گزشتہ ہفتے ملاقات سنگاپور میں ہوئی تھی۔ اسی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جی ٹوئنٹی کے سربراہ اجلاس کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب سے مجوزہ ملاقات پر بھی بات کی گئی۔ ٹرمپ اور پوٹن کی ملاقات ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں تیس نومبر سے شروع ہونے والے دو روزہ جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس کے دوران متوقع ہے۔