واشنگٹن۔5جون (اے پی پی):امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیلی وزیر اعظم کےوارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے عندیے پر بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی)کے خلاف پابندیوں کے قانون کی منظوری دے دی،اس قانون کی حمایت میں 247 اور مخالفت میں 155 ووٹ پڑے۔
بی بی سی کے مطابق قبل ازیں آئی سی سی کے پاکستان نژاد چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ غزہ میں جنگی جرائم کے ارتکاب پر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوایو گیلانٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے ۔ امریکی ایوان نمائندگان میں اس بل کی منظوری کے موقع پر اسرائیل کے حامی ر یپبلکن پارٹی کے ارکان نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اسرائیلی قیادت کے خلاف مقدمے سے متعلق آئی سی سی کے حکام کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔ ایوان نمائندگان میں منظوری کے باوجود اس بل کے قانون بننے کی توقع نہیں کیونکہ امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹ ارکان کی اکثریت ہے جو اس کے خلاف ہیں۔ اس کےعلاوہ امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی اس قانونی کی مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ آئی سی سی کے خلاف پابندیوں کی حمایت نہیں کرتی۔
رپورٹ کے مطابق اس کے باوجود اگر یہ قانون منظور کر لیا جاتا ہے تو آئی سی سی حکام کے پاس موجود امریکی ویزے منسوخ ہو جائیں گے اور وہ امریکا میں جائیداد کا لین دین نہیں کر سکیں گے۔امریکی ایوان نمائندگان نے اس بل کی منظوری اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو امریکی کانگریس سے خطاب کی دعوت کے فوری بعد دی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=472602