امریکی ریاست نیو یارک کی سپرمارکیٹ میں سفید فارم شخص کی فائرنگ، 10 افراد ہلاک

69
American experts
American experts

نیویارک۔15مئی (اے پی پی):امریکی ریاست نیویارک کی ایک سپرمارکیٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جرمن نشریاتی ادارے نے مقامی پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ واقعہ ریاست کے دوسرے بڑے شہر بفلو کی ’ٹاپس فرینڈلی مارکیٹ‘ نامی سپرمارکیٹ میں پیش آیا جہاں 18سالہ سفید فام شخص نے بھاری اسلحے کے ساتھ سپر مارکیٹ میں داخل ہوکر اندھادھند فائرنگ شروع کردی،واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور تین زخمی بھی ہوئے، تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ حملہ آور اس شوٹنگ کے مناظر انٹرنیٹ پر براہ راست نشر کر رہا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور فوجیوں کے انداز کا لباس اور باڈی آرمر پہنے ہوئے تھا اور اس کے ہاتھوں میں ایک رائفل بھی تھی۔امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے اسےنفرت آمیز جرم اور نسلی تعصب کی بنیاد پر شدت پسندی کا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ادھر،صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ تفتیش کار ابھی فائرنگ کے محرکات پر غور کر رہے ہیں لیکن ہمیں سچائی بیان کرنے کے لیے واضح طور پر کسی اور چیز کی ضرورت نہیں، نسلی تعصب کی بنیاد پر کیا گیا نفرت آمیز جرم اس قوم کی ساکھ کے لیے سخت ناگوار ہے۔