اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے خیبر پختونخوا کا دو روزہ دورہ کیا اور وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات کی، امریکی سفیر نے دورے کے دوران 36 گاڑیاں محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے حوالے کیں۔ 3 اور 4 اگست کو کئے گئے دورے کے حوالے سے جمعہ کو یہاں امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کا مقصد امریکی حکومت کی وسیع اقتصادی اور ترقیاتی امداد کو اجاگر کرنا تھا جس سے خیبر پختونخوا کے شہریوں کو گزشتہ 75 سالوں کے باہمی تعلقات سے فائدہ پہنچا ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے خیبر پختونخوا کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات کی اور اس بات پر زور دیا کہ امریکا اقتصادی ترقی، تجارت، تعلیمی شراکت داری اور سرمایہ کاری پر تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے جس سے خطے اور اس کے عوام کو مدد ملی ہے۔ امریکی سفیر نے طورخم بارڈر کراسنگ کا دورہ کیا اور اس بات کا مشاہدہ کیا کہ یہ سرحد خیبر پختونخوا میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں کس طرح حصہ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے 46 کلومیٹر طویل پشاور۔طورخم روڈ کو بھی دیکھا جو87 ملین ڈالر کا امریکی حکومت کا تعمیراتی منصوبہ ہے جس نے سفر اور گاڑیوں کی دیکھ بھال کی لاگت کو نصف تک کم کردیا ہے، اس شاہراہ نے مسافروں اور تاجروں کو روزانہ کی بنیاد پرسہولت فراہم کی ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایسچلیمین نے خیبرپختونخوا کے دورے کے دوران 36 گاڑیاں محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے حوالے کیں جو پاکستان کے لیے امریکی حکومت کی معاونت کے تحت حصے کے طور پر کورونا وبائی مرض کو کم کرنے اور تیزی سے رسپانس ٹیموں کو کوروناکے نمونے جمع کرنے اور کیسز کی نگرانی میں مدد کرنے کے لیے دی گئی ہیں۔ یہ عطیہ واشنگٹن میں پاکستان کو 16 ملین پیڈیاٹرک کورونا ویکسی نیشن ڈوز عطیہ کرنے کے حالیہ اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس سے امریکی عطیات کی تعداد 77 ملین سے زیادہ ہوجائے گی۔
امریکی سفیر نے پشاور میں امریکی حکومت کے تعاون سے چلنے والے برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ جدید ترین صحت کی سہولت یو ایس ایڈکی فنڈنگ سے15 ملین ڈالر سے تعمیر کی گئی ہے، یہ سنٹر پاکستان میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا مرکز ہے اور 2019 میں کھولنے کے بعد سے اب تک 5 ہزار سے زیادہ مریضوں کا علاج کرچکا ہے۔ پشاور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید ترین یو ایس پاکستان سنٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان انرجی کے دورہ کے موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ ان کے لئے مرکز کو دیکھنا اور اس کے بارے میں مزید جاننا اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان اس سال 75 سالہ تعلقات کی سالگرہ منا رہے ہیں، یہ سہولت ہمارے مشترکہ ویژن اور ہماری عظیم کامیابیوں کی علامت ہے۔ امریکی حکومت نے پانی، توانائی اور خوراک کے تحفظ کے شعبوں میں جدید تعلیم کے لیے اس طرح کے مراکز قائم کرنے کے لیے یو ایس ایڈ کی 127 ملین ڈالر کی شراکت کے تحت پاکستان بھر کی انجینئرنگ یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
امریکی سفیر کے دورے کے دوران امریکی سفارت خانے کی انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا ڈائریکٹر لوری اینٹولینیز نے خیبر پختونخوا پراسیکیوشن اکیڈمی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جسے امریکی حکومت نے فنڈز فراہم کیے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لوری اینٹولینیز نے کہا کہ 2 ملین ڈالر اکیڈمی سالانہ 200 پراسیکیوٹرز کو تربیت دے گی۔ 1989 سے امریکی حکومت نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ کے ذریعے خیبرپختونخواکو معاشی اور زرعی ترقی کو فروغ دینے، نظام انصاف کو مضبوط کرنے اور سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں مدد کے لیے 300 ملین ڈالر فراہم کیے ہیں۔
اس میں خیبرپختونخوا میں پینے کے پانی اور آبپاشی کی فراہمی کے لیے 1300 منصوبوں کی تکمیل، اور مقامی پولیس اسٹیشنز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 420 مختلف تعمیرات کے ساتھ ساتھ 1240 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر بھی شامل ہے تاکہ کسانوں اور کاروباروں کو سامان منڈی تک پہنچانے میں مدد مل سکے۔