امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا واٹر کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ، چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ملاقات کی

121
US Ambassador Donald Bloom
US Ambassador Donald Bloom

کراچی۔ 22 جنوری (اے پی پی):امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے واٹر کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ کیا، انہوں نے میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ملاقات کی۔ واٹر کارپوریشن سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے موقع پر امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل انکے ہمراہ تھے جبکہ ملاقات کے دوران سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد اور سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔فریقین کے درمیان ملاقات کا مقصد باہمی دلچسپی کے مواقع تلاش کرنا تھا۔

ملاقات کے دوران میئر کراچی اور امریکی سفیر نے فراہمی و نکاسی آب کی بہتری کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی دستیابی اور سکیورٹی کے حوالے سے حالیہ کیے گئے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے شعبوں بشمول تجربات کے تبادلے، سرسبز ماحول کے اقدامات، تکنیکی صلاحیت میں اضافہ، پانی کے شعبے میں امریکی کمپنیوں کی شمولیت کا ارادہ بھی زیر بحث آیا۔

دورے کے موقع پر امریکی سفیر نے واٹر کارپوریشن کے حال ہی میں قائم کردہ ہائیڈرنٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر واٹر کارپوریشن کی طرف سے حال ہی میں اٹھائے گئے نئے اقدامات اور اصلاحات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے امریکی سفیر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آنے والے سالوں میں کارپوریشن کی حالیہ اصلاحات، بحالی اور وژن کے بارے میں آگاہ کیا۔

امریکی سفیر نے واٹر کارپوریشن کو ایک جدید ذمہ دار اور خدمت پر مبنی افادیت میں تبدیل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے پر سی ای او واٹر کارپوریشن کی کاوشوں کو سراہا اور ہائیڈرنٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کے قیام سمیت بے مثال آپریشنز کو انجام دینے اور پانی کے غیر قانونی کنکشن کے خلاف کاروائیوں پر خصوصی تعریف کی۔

امریکی سفیر نے ادارے میں فعال پانی کے جدید نظام سپروائزری کنٹرول اور ڈیٹا کے حصول (ایس سی اے ڈی اے) سسٹم کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور ری سائیکلنگ کے منصوبوں کے مواقع جاننے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور کے ڈبلیو ایس سی کو ایس ڈی جیز روڈ میپ پر اس کی کامیاب پیروی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔