امریکی صدارتی انتخابات،آخری ریاست کا نتیجہ بھی آگیا، جوبائیڈن کامیاب

166
جو بائیڈن

واشنگٹن۔20نومبر (اے پی پی):امریکہ کے صدارتی انتخابات 2020 کا آخری نتیجہ بھی آگیا ہے جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب قرار پائے ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق الیکشن حکام نے جارجیا کے نتیجے کا اعلان کیا ہےجس کے مطابق جو بائیڈن نے صدر ٹرمپ کے مقابلے میں 12 ہزار زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔جارجیا میں کامیابی کے بعد جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹ میں مزید 16 ووٹ کا اضافہ ہو گیا ہے۔نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹ کی کُل تعداد 306 ہو گئی ہے جب کہ اُن کے مدِ مقابل صدر ٹرمپ نے 232 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔دوسری جانب صدر ٹرمپ انتخابات میں مسلسل دھاندلی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔ جارجیا کے انتخابی نتائج پر بھی انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ جارجیا کی مختلف کاؤنٹیز میں ہزاروں ایسے ووٹ ملے ہیں جنہیں گنا نہیں گیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد جارجیا کے نتائج ری پبلکن کے حق میں آ جائیں گے۔ادھر جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات، انتخابات میں شکست تسلیم نہ کرنے اور انتقالِ اقتدار کے لیے ان سے تعاون نہ کرنے کے عمل کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ جارجیا میں ڈیموکریٹک پارٹی نے 25 برس بعد کامیابی حاصل کی ہے۔