واشنگٹن۔ 26مئی(اے پی پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کسانوں کے لئے 16بلین امریکی ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔ یہ امریکی کسان امریکاکی چین کے ساتھ تجارتی جنگ کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ ان کسانوں کو امدادی رقوم کی ادائیگی چین کی مصنوعات پر لگائے کئے محصولات کی وصولیوں میں سے ادا کی جائے گی۔چائنہ ریڈیوانٹرنیشنل کے مطابق امریکا کی جانب سے 2018ءسے کسانوں کو اس طرح کے امدادی پیکج دیئے جارہے ہیں تاہم کسان اس صورت حال پر مطمئن دکھائی نہیں دیتے۔امریکا کی جانب سے مسلسل یہ کہا جار ہاہے کہ محصولات میں اضافہ چین کی جانب سے ادا کیا جائے گا، تاہم آئی ایم ایف کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے چین پر لگائے جانے والے محصولات کا سارا بوجھ امریکی درآمد کندگان پر پڑا ہے۔ماہرین کا خیال ہے اس تجارتی جنگ کا حاصل خسارے کے سوا کچھ بھی نہیں ہوگا۔