واشنگٹن ۔ 6 اپریل (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاﺅس میں چین کے نائب وزیر اعظم لیو حہ سے ملاقات کی، لیو حہ چین امریکا اعلی سطحی اقتصادی وتجارتی مشاورت کے نویں دور میں شریک تھے۔اس موقع پر لیو حہ نے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے صدر ٹرمپ کے لئے دیا جانے والا نیک تمناﺅں کا زبانی پیغام پہنچایا۔ شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے اندر فریقین نے مختلف انداز میں مشاورت کے بہت سے دور منعقد کئے اور اس کے نتیجے میں اقتصادی و تجارتی معاہدے کے مواد میں حقیقی پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ٹیمیں باہمی احترام ، مساوات اور باہمی مفادات کی بنیاد پر ایک دوسرے کے تشویشناک مسائل سے نمٹتے ہوئے معاہدے کی حتمی تکمیل کے لئے کوشش کریں گی۔