اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مل کر کام کرنے کے مواقع تلاش کرنے اور نئی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افغان مسئلہ کے مذاکراتی تصفیے کے لئے پاکستان سے تعاون طلب کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق امریکی صدر نے اس خواہش کا اظہار وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے خط میں کیا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ افغان مسئلہ کا بات چیت سے حل ان کی سب سے اہم علاقائی ترجیح ہے، افغان جنگ سے پاکستان اور امریکہ دونوں متاثر ہوئے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے سیاسی حل کی حمایت کی ہے لہذا یہ امریکی فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔