امریکی وزیر خارجہ کا دورہ اسرائیل، مغربی کنارے میں فریقین سے پرامن رہنے کا مطالبہ

55

مقبوضہ بیت المقدس ۔31جنوری (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب ایلی کوہن کے ساتھ ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں اور مغربی کنارے کی صورتحال کو پرامن کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ گزشتہ روز اسرائیل پہنچے اور دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہر کسی کی ذمہ داری ہے کہ وہ تناؤ کو بڑھانے سے گریز کرنے اور پر امن رہنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے القدس اور رام اللہ جانے سے قبل قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی کشیدگی کو کم کرنے پر تبادلہ خیال کیا ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں مصر کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ۔

یاد رہے کہ حالیہ حملوں کے تناظر میں اسرائیل کی تاریخ میں سب سے زیادہ دائیں بازو کی اسرائیلی حکومت نے ایسے اقدامات کا اعلان کیا جس کا مقصد حملوں کے مرتکب فلسطینی شہریوں کے لواحقین کو سزا دینا ہے۔