امن کے قیام کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا تقریب سے خطاب

96
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپنے عہدے سے مستعفی

صوابی ۔4اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ امن کے قیام کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ۔ کسی بھی علاقے کی ترقی کا انحصار اس علاقے میں امن و امان کی صورت حال پر منحصر ہوتا ہے۔ جو علاقہ جتنا پرامن ہوگا اتنی تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوابی پولیس لائن میں ضلع صوابی لویہ جرگہ کے نام سے منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جرگہ پختون قوم کی ایک قدیم روایت ہے اور ماضی میں ان جرگوں کے ذریعے بڑے بڑے تنازعات کو آسانی سے حل کیا جاتا رہا ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ تنازعات اور دشمنیوں کے خاتمے کے لئے ضلعی سطح پر ایک جرگہ تشکیل دیاجائے ، معمولی تنازعات پر لمبے عرصہ تک دشمنیاں چلتی ہیں جس سے مالی و جانی نقصانات ہوتے ہیں، ان معمولی تنازعات کو جرگے کے ذریعے باآسانی حل کیا جاسکتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کیا گیا اور ضلع صوابی میں دشمنیوں ، تنازعات اور منشیات کے خلاف ضلعی سطح پر جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ ضلعی انتظامیہ، علماء کرام، پولیس، اصلاحی جرگوں کے مشران اور تمام مقامی سیاسی رہنماوں اور سماجی شخصیات سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیاگیا۔ اسپیکر نے تمام مقامی سیاسی قائدین کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر صوابی میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے اور عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے لئے کردار ادا کرنے کا کہا۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو یونین کونسل کی سطح پر جرائم اور منشیات کے خلاف عوام میں آگاہی مہم کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ضلع صوابی کی تعمیر و ترقی اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کی کوششوں کو سراہا اور تنازعات اور دشمنیوں کے خاتمے ، منشیات فروشی اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لئے ضلعی سطح پر جرگے کی تشکیل کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

تقریب میں پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی ، جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماوں،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلی آفسران ، علماءکرام، علاقہ کے عمائدین اور سماجی شخصیات اور عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔