پشاور۔ 02 ستمبر (اے پی پی):پشاور کینٹ کے علاقے امین جان لین میں نامعلوم چوروں نے 5 قیمتی گاڑیوں سے بیٹریاں چوری کر لیں تاہم چھٹی گاڑی میں سکیورٹی آلارم بجنے سے ملزمان دیگر 3گاڑیاں کھلی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق امین جان لین کے رہائشی عمر کے مطابق گزشتہ شب وہ اور اس کے مہمان اپنی گاڑیاں گھر کے قریب واقع کھلے میدان میں کھڑی کرکے گھر چلے گئے، صبح گاڑیاں سٹارٹ کرنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ گاڑیوں سے بیٹریاں چوری ہو چکی ہیں۔
بعد ازاں دیگر ہمسایوں نے بتایا کہ ان کی گاڑیوں سے بھی بیٹریاں چوری ہوئی ہیں جبکہ 3گاڑیوں کے بانٹ کھلے ہوئے تھے تاہم ان کی بیٹریاں موجود تھیں کیونکہ ایک گاڑی میں آلارم بجنے سے ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔