اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے انتخابات میں تاخیر کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ذمہ داری کے ساتھ انتخابی عمل کو یقینی بنا رہا ہے، انتخابات کی حتمی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا، الیکشن کمیشن کو مالی، انتظامی اور سکیورٹی وسائل فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، نواز شریف سینئر سیاستدان ہیں، وہ اپنے ملک واپس آ رہے ہیں،
ہر ایک کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے، کسی کو تنقید کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، نگران حکومت نے نجکاری کے حوالے سے اپنے طور پر کسی ادارے کا انتخاب نہیں کیا، ریاستی میڈیا پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج فراہم کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینلز ”آج نیوز“ اور ”سنو نیوز“ کے پروگراموں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے 90 دن میں انتخابات کرانے سے متعلق پٹیشن کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد اپنا موقف سپریم کورٹ میں پیش کرے گی جبکہ حتمی فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات منعقد کرنے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آئین و قانون کے تحت قائم ہوئی ہے، ہمارے اختیارات اور مدت محدود ہیں، ہم آئین اور قانون پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی بے گناہی اور سزا کا فیصلہ عدلیہ نے کرنا ہے جبکہ آئین کے مطابق ہر شخص کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شکایت اور تنقید کرنا جمہوریت کا حسن ہے، کسی کو اس حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سینئر سیاستدان ہیں، وہ اپنے ملک واپس آ رہے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم امن و امان کو قائم رکھیں، کسی قسم کی بدانتظامی یا سکیورٹی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کا تاثر درست نہیں، الیکشن کمیشن اپنا کام ذمہ داری سے کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرانے کا کہا ہے تاہم حتمی تاریخ طے ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے دیئے گئے نظام الاوقات پر عمل کر رہا ہے، سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے 54 دن دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کا اپنا ایک موقف ہوتا ہے، ملک میں جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی ہے، کسی کو تنقید کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا کوئی رہنما کابینہ میں موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا جبکہ اسے مالی، انتظامی اور سکیورٹی کے وسائل فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ نجکاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت نے نجکاری کے حوالے سے اپنے طور پر کسی ادارے کا انتخاب نہیں کیا، پچھلی حکومت اور پارلیمان کی جانب سے منظور شدہ فہرست کے مطابق نجکاری پر عمل درآمد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران وفاقی وزیر نجکاری اس حوالے سے شاندار انتظامی تجربہ رکھتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاستی میڈیا تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج فراہم کر رہا ہے، پی ٹی وی پر تمام جماعتوں کو یکساں کوریج مل رہی ہے۔