راولپنڈی۔5اگست (اے پی پی):چیئرپرسن پیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن مشعال ملک نے کہا ہے کہ انتہا پسند بی جے پی مقبوضہ کشمیر کو ہنددتوا کی وادی بنانا چاہتی ہے، مقبوضہ کشمیر میں تین سال سے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی جا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں جتنا ظلم ہوا تاریخ میں نہ کبھی سنا اور نہ دیکھا ہے،
فاشسٹ نریندر مودی اور بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 60 لاکھ بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کر کے وادی میں کشمیریوں کو اقلیت میں بدل رہا ہے، پنجاب آرٹس کونسل میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ احتجاجی ریلی اور بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کے دوران انہوں نے کہا کہ میر ے شوہر یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا جہاں ان کی کی جان کو شدید خطرہ ہے، قابض بھارتی کشمیری شہدا کی لاشوں کی بے حرمتی کرتی ہے، اقوام متحدہ، سکیورٹی کونسل، یورپی یونین اور دیگر عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب بھارت کو اپنے مظالم کا حساب دینا ہوگا،
کشمیریوں کی آواز اور آزادی کی جدوجہد کو جبر سے زیادہ دیر تک نہیں دبایا جا سکتا، آخر میں انہوں نے ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل وقار احمد اور ناہید منظور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے ہمیشہ کشمیریوں کے لئے آواز بلند کی ہے، اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ یاسین ملک صرف کشمیر کا نہیں اس خطے کے امن اور آزادی کی علامت ہے،
فاشسٹ بھارتی حکومت کا یاسین ملک کو عمر قید کا فیصلہ غیر آئینی اور یکطرفہ ہے، حریت لیڈر شپ نے گزشتہ تین سالوں میں اپنی جان کی پروا کئے بغیر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا گھنائونا چہرا دنیا کے سامنے رکھا ہے، ہم ایک بار پھر عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے رائے شماری کرائی جائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کو منزل مل سکے، تحریک آزادی کشمیر کے لئے لازوال قربانیوں دینے پر پاکستانی عوام حریت رہنماوں، شہدا کشمیر اور غازیوںکو سلام پیش کرتی ہے۔