اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):انجینئرنگ مصنوعات کی برآمد میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پرمعمولی کمی ریکارڈکی گئی ۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران ا نجینئرنگ مصنوعات کی برآمد سے ملک کو202.44ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.70فیصدکم ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ا نجینئرنگ مصنوعات کی برآمد کاحجم 205.89ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ مارچ میں انجینئرنگ مصنوعات کی برآمد کاحجم 25.53ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوفروری میں 18.63ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 24.15ملین ڈالرتھا۔
مالی سال 2024میں انجینئرنگ مصنوعات کی برآمد کاحجم 279.17ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران برقی پنکھوں کی برآمد سے ملک کو20.70ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہوا،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برقی پنکھوں کی برآمد کاحجم 19.52ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ٹرانسپورٹ آلات کی برآمد سے ملک کو27.31ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت میں 19.31ملین ڈالرتھا۔
اسی طرح جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں برقی مشینری کی برآمد کاحجم 51.02ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 39.99ملین ڈالرتھا۔اس مدت میں آٹوپارٹس کی برآمدات کاحجم 16.02ملین ڈالررہا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 16ملین ڈالرتھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589500