انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

81
موجودہ حکومت نے انسانی حقوق کو اولین ترجیح دی ہے ، ڈاکٹر شیریں مزاری

اسلام آباد ۔ 23 دسمبر (اے پی پی) انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی بین المذاہب و ثقافتی ہم آہنگی کی قرارداد کی منظوری خصوصی اہمیت کی حامل ہے جس سے بین المذاہب و ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مذاکرات کی حوصلہ افزائی ہوگی اور اس حوالے سے کام کرنے والے ادارے موثر طور پر خدمات سرانجام دے سکیں گے۔ اتوار کو یہاں ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت نے اقلیتوں کے مسائل کے خاتمہ کیلئے 24/7 ہیلپ لائن قائم کی ہے تاکہ ملک بھر سے حاصل ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں مسائل کے خاتمہ اور ان کو قانون امداد فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور یہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی غیرمسلموں کیلئے قوانین موجود ہیں جن میں ہندو شادی و طلاق سمیت دیگر قوانین شامل ہیں جبکہ عیسائیوں کی طلاق کے حوالے سے قانون جلد قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ہمیں انسانیت کا درس دیتا ہے اور ہم اقلیتوں سے محبت کرتے ہیں اور ہمارے دلوں میں ان کیلئے بے پناہ عزت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں اس لئے ہم اقلیتی برادری کی آواز ہیں۔